تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک بھر میں 5 مئی تک موسمی تبدیلیوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دی۔ جس میں جہاں ایک طرف بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، وہیں بعض مقامات پر آندھی اور بارش کا بھی امکان ہے۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں شدید گرمی کی لہر متوقع ہے، کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، ملتان، بہاولپور اور تربت جیسے شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ خیبرپختونخوا اور وسطی پنجاب میں بھی درجہ حرارت میں نمایاں اضافے کا خدشہ ہے، اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ شدید دھوپ کے باعث لو لگنے اور پانی کی کمی جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب، 24، 25 اور 29 اپریل کو پنجاب کے بالائی اور وسطی اضلاع بشمول لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد اور سرگودھا میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بلوچستان کے شمالی اضلاع (کوئٹہ، زیارت، قلات) اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی 24 سے 29 اپریل کے دوران وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بادل برسیں گے۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ‘ہیٹ ویو پلان’ فعال کرنے، کولنگ سینٹرز قائم کرنے اور ہسپتالوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ شدید دھوپ میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں اور بروقت معلومات کے لیے ‘پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ’ ایپ استعمال کریں۔

Comments
Post a Comment