بغیر انڈیکیٹر موٹر سائیکل چلانے پر 2 ہزار روپے جرمانے کا فیصلہ

بغیر انڈیکیٹر موٹر سائیکل چلانے پر 2 ہزار روپے جرمانے کا فیصلہ

لاہور:موٹر سائیکل سوار محتاط ہوجائیں کیونکہ ٹریفک پولیس نے بغیر انڈیکیٹر موٹر سائیکل چلانے پر جرمانے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں اور خاص طور پر ٹرن انڈیکیٹرز کا استعمال یقینی بنائیں، بصورت دیگر کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان پنجاب ٹریفک پولیس کے مطابق بغیر انڈیکیٹر موٹر سائیکل چلانے پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ انڈیکیٹر استعمال نہ کرنا صرف قانون شکنی نہیں بلکہ سڑک حادثات کی بڑی وجہ بھی بنتا ہے۔ پولیس کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے نہ صرف موٹر سائیکل سوار محفوظ رہ سکتے ہیں بلکہ دیگر شہریوں کی جان و مال کو بھی خطرات سے بچایا جا سکتا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے جعلی نمبر پلیٹس اور ای چالان ڈیفالٹرز کو پکڑنے کیلئے سمارٹ کار متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے صوبے کی شاہراہوں پرجعلی نمبر پلیٹس، ای چالان ڈیفالٹرز اور اشتہاریوں کو پکڑنے کے لیے سمارٹ کار متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے، اس مقصد کے لیے عوامی مقامات پر خودکار مانیٹرنگ کیلئے ’پولیس آئی سمارٹ وین‘ کی تیاری حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہے، سمارٹ وین پر 360 ڈگری پر کام کرنے والے کیمرے نصب کیے جائیں گے، یہ سمارٹ کار سڑک پر چلتے ہوئے عوامی مقامات پر فوری طور پر ڈیفالٹر ویکلز اور اشتہاریوں کی نشاندہی کرے گی۔
بتایا گیا ہے کہ سمارٹ کار سیف سٹیز کے ساتھ منسلک کی جائے گی تاکہ فوری الرٹ جاری ہو، اس سمارٹ کار کے کیمرے سے 100 میٹر کی رینج میں آنے والی گاڑیوں اور شہریوں کی تفصیلات فوری طور پر اپڈیٹ ہوں گی، اس کے ذریعے اوور لوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کی نشاندہی بھی صرف ایک کلک پر کرکے الرٹ جاری ہوگا، پولیس آئی وینز کے لیے الیکٹرک گاڑیاں خریدی جائیں گی تاکہ فیول کی بچت ہو، پہلی گاڑی اگلے ہفتے تیار کرکے وزیراعلیٰ پنجاب کو منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔

Comments