پاکستان میں عید الاضحٰی کب ہوگی؟ تاریخ کا اعلان کر دیا گیا

پاکستان میں عید الاضحٰی کب ہوگی؟ تاریخ کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد: رویتِ ہلال ریسرچ کونسل نے پاکستان میں عیدالاضحیٰ کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدھ، 27 مئی 2026 کو عید ہونے کا قوی امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق، رویتِ ہلال ریسرچ کونسل نے 1447 ہجری کے ذوالحجہ کے چاند کی رویت سے متعلق اپنی سائنسی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے کہا کہ سائنسی اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پاکستان میں بدھ، 27 مئی 2026 کو عیدالاضحیٰ ہونے کے قوی امکانات ہیں۔

کونسل کے مطابق نیا چاند 16 اور 17 مئی کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق 1 بج کر 15 منٹ پر پیدا ہوگا، اور 17 مئی کو غروبِ آفتاب کے وقت ملک کے بیشتر علاقوں میں چاند کی عمر 18 گھنٹوں سے زائد ہوگی، جو انسانی آنکھ سے دیکھنے کے لیے کافی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 17 مئی کو کراچی میں غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان وقفہ 55 منٹ جبکہ پشاور میں 63 منٹ ہوگا۔ اگر موسم صاف رہا تو اتوار کی شام چاند واضح طور پر نظر آ سکے گا، جس کے نتیجے میں یکم ذوالحجہ 18 مئی کو اور عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی۔

اس سائنسی پیش گوئی کے مطابق اس سال پاکستان اور سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ ایک ہی دن ہونے کا امکان ہے۔

تاہم اگر 17 مئی کو بادلوں کی وجہ سے چاند نظر نہ آ سکا تو ذوالقعدہ کے 30 دن مکمل کیے جائیں گے اور عید جمعرات، 28 مئی کو ہوگی۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ حتمی فیصلہ مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے باضابطہ اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔

Comments