اوکاڑہ میں پیش آنے والے ایک افسوسناک اور روح فرسا واقعے نے پورے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا

اوکاڑہ میں پیش آنے والے ایک افسوسناک اور روح فرسا واقعے نے پورے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا

اوکاڑہ کی تحصیل رینالہ خورد میں پیش آنے والے ایک افسوسناک اور روح فرسا واقعے نے پورے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے، جہاں مبینہ بلیک میلنگ سے تنگ آ کر 19 سالہ لڑکی زندگی کی بازی ہار گئی۔ خالد گارڈن ٹاؤن میں پیش آنے والا یہ واقعہ صرف ایک موت نہیں بلکہ ہمارے معاشرے کے اُس خوفناک رخ کی عکاسی کرتا ہے جہاں معصوم لڑکیاں دھوکے، دباؤ اور بلیک میلنگ کا شکار ہو کر خاموشی سے اندر ہی اندر ٹوٹتی رہتی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق لڑکی اپنے کمرے میں خون میں لت پت مردہ حالت میں پائی گئی جبکہ جائے وقوعہ سے 9 ایم ایم پستول بھی برآمد ہوا۔ جیسے ہی یہ خبر پھیلی، گھر میں قیامت صغریٰ برپا ہو گئی۔ والدین اپنی جوان بیٹی کی لاش دیکھ کر نڈھال ہو گئے اور پورا علاقہ غم اور خوف کی کیفیت میں ڈوب گیا۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ کچھ افراد کافی عرصے سے ان کی بیٹی کو ہراساں کر رہے تھے۔ اُن کے مطابق ملزمان نے پہلے شادی کا جھانسہ دے کر لڑکی کو اعتماد میں لیا اور بعد میں مبینہ طور پر نازیبا تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے اُسے مسلسل بلیک میل کیا جاتا رہا۔ والدین کا دعویٰ ہے کہ اُن کی بیٹی شدید ذہنی دباؤ، خوف اور عزت بچانے کی جنگ لڑتے لڑتے اس نہج پر پہنچ گئی جہاں اُسے اپنی زندگی ختم کرنا ہی آخری راستہ محسوس ہوا۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ یہ واقعہ معاشرے کے لیے ایک لمحۂ فکریہ ہے کہ آخر کب تک سوشل میڈیا، بلیک میلنگ اور جھوٹے تعلقات کے جال میں معصوم زندگیاں برباد ہوتی رہیں گی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کو سخت ترین سزا دی جائے تاکہ کسی اور بیٹی کو خوف، دباؤ اور خاموش اذیت میں اپنی جان نہ دینی پڑے۔

Comments