کراچی: بالائی سندھ میں آندھی اور مٹی کے طوفان کا الرٹ جاری کردیا گیا ، جس میں شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات پاکستان اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبے کے بالائی علاقوں میں گرد آلود آندھی اور مٹی کے طوفان کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے بتایا مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ آج (2 مئی) کی شام سے ملک کے شمال مغربی حصوں میں داخل ہو رہا ہے۔
اس نئے سسٹم کے زیرِ اثر 2 اور 3 مئی کو بالائی سندھ میں شدید گرد آلود ہوائیں اور مٹی کا طوفان آنے کا امکان ہے، تیز ہواؤں کے باعث کمزور انفراسٹرکچر، خاص طور پر بجلی کے کھمبوں، بڑے بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کے باعث ملک کے میدانی علاقوں میں جاری شدید گرمی کی لہر میں کمی متوقع ہے، جس سے عوام کو بڑھتے ہوئے درجہ حرارت سے کچھ ریلیف ملے گا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نےاہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں اور کٹائی کی دیکھ بھال کریں۔
تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
مشیر برائے بحالی گیانچند ایسرانی کی خصوصی ہدایات پر پی ڈی ایم اے کا عملہ مکمل طور پر الرٹ ہے، حکام کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Comments
Post a Comment